بھٹکل ،16؍ فروری (ایس او نیوز) پانچ سال پرانے آٹو ٹپّر کو بدلنے اور نیا آٹو خریدنے کی تجویز پر ٹاون میونسپل کاونسل کی میٹنگ میں گرما گرم بحث ہوئی اور اراکین نے فی الحال اس تجویز کو مسترد کردیا ۔
جب عام اجلاس کے دوران ہیلتھ آفیسر سوجیا سومن نے تجویز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پانچ سال پہلے خریدا گیا آٹو ٹپّر بگڑنے کی وجہ سے دو سال سے استعمال میں نہیں آ رہا ہے اور گزشتہ یونہی بے کار پڑا ہوا ہے اس لئے اس کی جگہ نیا آٹو خریدنا ہوگا ۔
اس پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے کاونسلر عبدالرووف نائطے نے کہا : " کسی بھی موٹر گاڑی کی اگر صحیح طریقے سے دیکھ بھال کی جائے تو وہ کم از کم دس پندرہ سال تک کام میں لانے کے قابل رہتی ہے ۔ لیکن یہاں یہ گاڑی تو صرف تین سال استعمال کرنے سے بگڑ گئی ہے ۔ دو سال سے گاڑی استعمال کیے بغیر انشورنس بھرا جا رہا ہے ۔ اور اتنی مدت خاموش رہنے کے بعد اب یہ بات کاونسل کے سامنے لائی جارہی ہے ۔" اس پر دیگر کاونسلرس نے بھی عبدالرووف نائطے کی تائید کی ۔
اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے صدر پرویز قاسمجی نے کہا : ' اس کے بارے میں ہمیں معلومات نہیں تھی ۔ چار کاونسلرس کی ایک کمیٹی اس گاڑی کا معائنہ کرے اور اس کی موجودہ حالت کا جائزہ لے ۔ اس کے بعد ہی گاڑی بدلنے یا اسی کو درست کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔"
مخدوم کالونی وارڈ کے اراکین پاسکل گومز، امشاد اور پریا فرنانڈیز نے کاونسل کو بتایا کہ ان کے وارڈس میں صفائی کا کام باقاعدگی سے نہیں ہو رہا ہے ۔ اس پر ہیلتھ آفیسر سوجیا نے جواب دیا کہ آئندہ جن وارڈس میں کام ہوگا وہاں سے جی پی ایس فوٹو بھیج کر کاونسلرس کو معلوم کرایا جائے گا ۔
کاونسلر جگن ناتھ گونڈا نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال کا کام باقاعدگی سے نہیں ہو رہا ہے ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے صدر پرویز قاسمجی نے کہا :' اب تک ٹھیکیدار کو دو مرتبہ نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں ۔ اگر یہی حال جاری رہا تو کاونسلرس کی میٹنگ طلب کرکے قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔'
شری کانت نائک نے مین روڈ کی فٹ پاتھ پر واقع دکانیں ہٹانے کی مانگ رکھی ۔ دیگر کاونسلرس نے ٹی ایم سی کی حدود میں واقع تمام غیر قانونی دکانیں ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔